پاکستان بھر میں بجلی کا تعطل برقرار


اسلام آباد:ملک میں بجلی کی پیداواراورطلب میں واضح فرق کے بعد بجلی کے تعطل (لوڈشیڈنگ )میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے مطابق اس وقت بجلی کی پیداوار 15 ہزار 400 میگاواٹ، طلب 18 ہزار432 میگاوٹ  ہے۔ملک میں بجلی کا شارٹ فال تین ہزار32 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے۔

پاورڈویژن کی جانب سے اعلان کردہ لوڈ مینیجمنٹ کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت  شہروں میں چھ سے دس گھنٹے اورمضافاتی علاقوں میں دس سے 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے تحت  دس فیصد لائن لاسز والے فیڈرز پر تین سے چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بجلی پیداوار میں کمی کے بعد اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں ہردو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق چشمہ پاور پلانٹ نمبر تین  سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے اوردیگر پاور پلانٹس پر کام جاری ہے۔ ان پاور پلانٹس سے حاصل ہونے والی بجلی جلد ہی سسٹم میں شامل کردی جائے گی۔

پشاور میں بجلی کی قلت 1800 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے شہر میں دس گھنٹے اور مضافاتی علاقوں میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

آئیسکو کے  مطابق کمپنی کے سی ای اوخود صورتحال مانیٹر کررہے ہیں۔

سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث یوپی ایس اور بیٹری سمیت جنریٹرز کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں