پروفیسر پھر باؤلنگ کرائیں گے


لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلیئرقراردے دیا۔

آئی سی سی نے محمد حفیظ  کو بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کے دوران آف اسپنر کے بازو کا خم 15 ڈگری سے کم رہا۔

فیصلے کے بعد محمد حفیظ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بار پھرباؤلنگ کرا سکیں گے۔

محمد حفیظ نے 17 اپریل کو لف برو یونیورسٹی میں باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیا تھا جس کے بعد آج ان کے باؤلنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

پروفیسر کے نام سے معروف محمد حفیظ کیرئیرمیں کئی مرتبہ اپنے باؤلنگ ایکشن پراعتراضات کا شکار رہے ہیں اوران پر متعدد بار باؤلنگ کرانے کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

2017 میں بھی سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی پانچ روزہ ون ڈے سیریز میں آف اسپنرکا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا تھا اوراسی بنیاد پر ان کا ٹیسٹ بھی لیا گیا۔

ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کوغیرقانونی قراردے دیا گیا تھا اورانہیں باؤلنگ سے روک دیا گیا تھا۔

اب تک محمد حفیظ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ انہیں 2014 میں بھی اپنے باؤلنگ ایکشن پر مشکلات کا سامنا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں