موبائل فون کے غلط استعمال نے تباہی مچا دی ہے، عمران خان

حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: زیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موبائل فون کے غلط استعمال نے تباہی مچا دی ہے، بچے وہ چیزیں دیکھ رہے ہیں جس کا تصور نہیں کیا جاسکتا تھا۔

ہم نیوز نیٹ ورک کے لیے حمزہ علی عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  ہمارے معاشرے میں جرائم بڑھ رہے ہیں، ریپ کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ریپ کیسز میں ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دینے کیلئے آرڈیننس لائے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹی وی وغیرہ پر ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی نقالی کی جاتی ہے۔ ہم ترک ڈرامے اس لیے لائے ہیں کہ اس میں اسلامی تعلیمات ہیں۔ آپ لوگوں پر پابندی نہیں لگا سکتے ان کو متبادل تفریح مہیا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ ایسی چیزیں بنائیں جو معاشرے کو اوپر لے جائیں۔ جو معاشرہ اپنی اقدار اوپر لے جاتا ہے وہ کامیاب رہتاہے۔

مزید پڑھیں: دنیا میں ہم سب سے کم ٹیکس دینے والا ملک ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  جب خاندانی نظام تباہ ہوتا ہے تو ریاست قائم نہیں رہتی۔ آپ ایک بدکردار اور نیک آدمی کو برابر تصور نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں صرف خاندانی نظام پروٹیکشن مہیا کرتا ہے۔ پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنا دیا۔ پاپ اسٹارڈرگز استعمال کرنے لگے تو یوتھ نے سمجھا برائی نہیں وہ استعمال کرنے لگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کی برائی کو اچھائی بناکر پیش کیا جائے تو وہ پھیل جاتی ہے۔ اسطرح وہاں برائی پھیلی اور خاندانی نظام تباہی کی طرف گیا۔ ہالی ووڈ میں آنے والی تبدیلی 10سال بعد بالی ووڈ پہنچ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں علامہ اقبال کی تعلیمات کی طرف جانا ہوگا۔ ہمارے پاس دو راستے ہیں، اچھائی یا برائی کا راستہ۔ گلیمر ہمیں مرغوب تو ہوتا ہے مگر اسکے پیچھے جاکر دیکھیں تو وہ تباہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگز اور نشے وغیرہ سے عارضی خوشی یا اطمینان ہوتا ہے۔ دائمی خوشی آپ کو روحانیت سے میسر آسکتی ہے۔ اندر کی خوشی اور اطمینان اللہ کی طرف سے آتا ہے اسے آپ بیان نہیں کرسکتے۔

 


متعلقہ خبریں