پشاور: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں اور ریسٹورنٹ سیل

پشاور کے 5 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

فوٹو: فائل


پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں اور ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پشاور کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: ماسک کے بنا سفر کرنے والے 52 شہری گرفتار

ڈی سی پشاور نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حیات آباد میں بیکری، سٹی مارٹ اور دال چنا ریسٹورنٹ سیل کر دیا گیا جب کہ یونیورسٹی روڈ پر 6 ریسٹورنٹس سمیت 8 دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔

رات 10 بجے تک دکانیں و ریسٹورنٹس بند نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صدر کے بازاروں میں 4 ریسٹورنٹس اور6 دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقنی بنانے کی ضرورت ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت اپنے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے بات چیت کے دوران کہی۔

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے انہیں ملک میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قیادت بتائے گی تو پی ڈی ایم کے ساتھ مذاکرات کرینگے، وزیراعلیٰ

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کی وجہ سے کورونا کی پہلی لہرپرقابو پا لیا گیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر سلطان فیصل اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بے احتیاطی اور زیادہ لوگوں کے ایک جگہ اکٹھا ہونے سے کورونا کا پھیلاؤ ممکن ہو سکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعظم کو صوبے مین صحت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بابت آگاہی دی۔


متعلقہ خبریں