کورونا: 24 گھنٹے میں 45 مریض جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران بے احتیاطی کے خطرناک نتائج سامنے آرہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں 45 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا رحجان واضح ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کو عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی منفی سیاست کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے۔ عقل سے خالی ٹولہ کورونا میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ پی ڈی ایم کو جان لینا چاہیے کہ کورونا ایک تلخ حقیقت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کیلئے فکر مند ہوں، اپنے اور اپنے خاندان کیلئے احتیاط کیجئے۔ دنیا کورونا سے بچاؤ کیلئے دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ہم لاک ڈاوَن سے بچنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کورونا کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ماسک اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے سے کوروناسے بچاجا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں2 ہزار 458 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 4 لاکھ 482 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کےدوران کورونا سےمزید 67 اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار91 ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے3لاکھ 43 ہزار286 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور49ہزار105 زیر علاج ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد30 ہزار408، خیبرپختونخوا میں74 ہزار370، سندھ میں ایک لاکھ 74 ہزار 350، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار578، بلوچستان میں 17 ہزار187، آزاد کشمیر میں 6 ہزار933 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 658 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے5شہروں میں کورونا تیزی سے پھیلنے کا انکشاف

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 36 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار935، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 369، اسلام آباد میں 318، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 167 اور آزاد کشمیر میں 169 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح2.02 فیصد ہوگئی ہے۔ کورونا سے جاں بحق 76 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کورونا سےجاں بحق 72 فیصد کورونا مریض دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا سے جاں بحق افراد میں سے 91 فیصد کا انتقال اسپتالوں میں ہوا۔ اسپتالوں میں کورونا کے زیر علاج 58 فیصد مریضوں وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس:پاکستان میں شرح اموات2فیصدسے بڑھ گئی

این سی او سی کے مطابق میرپور میں سب سے زیادہ 27.75 فیصد مثبت کیسز سامنے آئے۔ مظفر آباد23.44، حیدر آباد 18.21،آزادکشمیر 21.3، پنجاب4.84، سندھ14.04، بلوچستان11.95، اسلام آباد6.62، خیبرپختونخوا5.57، گلگت بلتستان3.43،

اسی طرح لاہور6.19، راولپنڈی4.83، فیصل آباد3.14، کراچی 17.95، پشاور18.09،سوات 5.81، ایبٹ آباد6.22، کوئٹہ میں مثبت کیسز کی شرح 9.09 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں70 فیصد نئے کیسز5 بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور راولپنڈی سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں