پاکستان کے5شہروں میں کورونا تیزی سے پھیلنے کا انکشاف



اسلام آباد: پاکستان میں70 فیصد نئے کیسز5 بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور راولپنڈی سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح میرپور میں چوبیس فیصد ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں22 فیصد اور کراچی میں 18 فیصد سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق رواں ہفتے میں کورونا نے یومیہ46 جانیں لیں۔ پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح سات اعشاریہ ایک فیصد ہے۔

ملک بھر میں اس وقت 2 ہزار 112 کورونامریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے جو 19.65 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

آزادکشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.79، پنجاب3.59، سندھ13.25، بلوچستان6.41، گلگت بلتستان 4.81 اور اسلام آباد میں5.84 فیصد ہے۔

کورونا کیسزکی مثبت شرح خیبرپختونخوا میں 9.25 فیصد، لاہور4.52،راولپنڈی 11.49، کراچی17.73، حیدرآباد 16.32، کوئٹہ9.77 اور مظفرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.34 فیصد ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔

حکومت پاکستان نے 16 بڑے شہروں میں 31جنوری2021 تک سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں اور پورے میں تعلیمی ادارے ایک بار پھر بند کر دیئے گئے ہیں۔

کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمان نے ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کو پہلی سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔  وبا پھیلنے سے مثبت کیسز کا چانس پانچ فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ  وائرس سے بچنے کا واحد حل احتیاط ہے اور اگراحتیاط نہ کی تو جون والے حالات پیدا ہو جائیں گے۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔


متعلقہ خبریں