اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، یہ وقت جلسوں کا نہیں: وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے یہ وقت جلسوں کا نہیں۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کے اجلاس کے دوران کہی جس میں کورونا، ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں پر تصادم نہیں چاہتے، دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور یہاں قوم کا تماشہ بنایا جا رہا ہے، ملتان میں کورونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز روز بروز بڑھ رہے ہیں، لوٹی ہوئی رقم کو بچانے کے لیے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

نواز شریف کو فوراً وطن واپس لانا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان

اجلاس میں معاشی صورتحال اور مہنگائی پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے بریفنگ دی۔

حماد اظہر نے اجلاس میں بتایا کہ چینی یوٹیلٹی اسٹورز میں 68 روپے فی کلو دستیاب ہے، اس بار کرشنگ میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوئی۔ چینی پورے ملک میں وافر موجود ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کے لیبر ویزہ سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ یو اے ای نے ورک اور وزٹ ویزے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

مزید برآں وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ فلسطین معاملے پر پالیسی واضح ہے کوئی ابہام میں نہ رہے، قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔


متعلقہ خبریں