دبئی: دنیا کے سب سے بڑے شمسی پارک کے تیسرے مرحلے کا افتتاح

دبئی: دنیا کے سب سے بڑے شمسی پارک کے تیسرے مرحلے کا افتتاح

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے محمد بن راشد المکتوم شمسی پارک کے تیسرے مرحلے اور انوویشن سنٹر کا افتتاح کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے امیر اور یو اے ای کے نائب وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم نے سولر پارک کے تیسرے مرحلے اور انوویشن سنٹر کا افتتاح کردیا۔ سولر پارک کے فیز تھری سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوسکے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا سولر پارک کا منصوبہ 2030  تک مکمل کیا جائے گا۔ دبئی  2030 تک 75 فیصد بجلی شمسی توانائی سے حاصل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ سولر پارک پراجیکٹ کے اگلے فیز کا افتتاح 2021 میں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: دبئی: غیر ملکیوں کو گولڈن ویزہ دینے کی منظوری

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمسی پارک کا تخمینہ 16.6 ارب ڈالر یا 50 ارب یو اے ای درہم لگایا گیا ہے۔

خلیجی ریاست کے ممالک میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا سولر پارک ہے، جس میں توانائی کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے سنگل محور شمسی ٹریکنگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس شمسی پارک سے دبئی میں 2 لاکھ 24 ہزار رہائشیوں کو صاف توانائی اور سستی بجلی دستیاب ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمسی پارک سے متصل انوویشن سنٹر، جو کہ قابل تجدید اور صاف توانائی کا عالمی مرکز ہے، پائیدار توانائی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انوویشن سنٹر میں تقریبات، کانفرنسز، شمسی اور قابل تجدید توانائی اور دیگر سبز اقدامات (گرینری) سے متعلق تربتی پروگراموں کے لیے ایک آڈیٹوریم بھی قائم کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں