پشاور کے 10 مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

سرگودھا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، 3 علاقے سیل

پشاور: پشاور شہر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت  کے 10 مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری اعلامیہ مطابق  کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ حیات آباد، کینٹ اور یونیورسٹی ایریاز  کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا گیا ہے۔  متاثرہ علاقوں میں آنے جانے اور غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں ساڑھے چار ماہ کے بعد کورونا کے سب سے زیادہ کسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید2 ہزار 954 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد3 لاکھ 79 ہزار883 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں مزید48 اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق افراد کی کل تعداد 7 ہزار744 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ: کورونا سے مزید 13 افراد جاں بحق، 1382متاثر

پاکستان میں کورونا سےصحت یاب افراد کی تعداد3لاکھ31ہزار760 ہوگئی ہے اور40 ہزار379 زیرعلاج ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد27 ہزار555، خیبرپختونخوا44 ہزار932، سندھ ایک لاکھ 64 ہزار651، پنجاب ایک لاکھ 15 ہزار138، بلوچستان 16 ہزار846، آزاد کشمیرمیں6ہزار203 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار879افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار845، خیبر پختونخوا ایک ہزار330، اسلام آباد285، گلگت بلتستان95، بلوچستان میں 163 اور آزاد کشمیر میں147 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔


متعلقہ خبریں