منشیات استعمال کرنے کا الزام، بھارتی سنگھ گرفتار


نامور بھارتی مزاحیہ اداکارہ بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم نے مشہور خاتون کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر پر چھاپہ مارا ہے جہاں سے کچھ مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جس وقت این سی بی کی ٹیم نے اس کارروائی کو انجام دیا تھا اس وقت بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش گھر پر ہی موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سنگھ نے منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کر لیا ہے اور انہیں اتوار کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کیا بھارتی فلم انڈسٹری واقعی منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرنے والوں کا گڑھ بن چکی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار نے بالی ووڈ ہیروز کو یرغمال بنایا ہوا ہے، بھارتی صحافی

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی نے کئی بڑے ستاروں کے بھانڈے پھوڑ دیے ہیں۔ ریا چکروتی کو گرفتار کیا گیا تو دیپکا پاڈوکون سمیت دیگر اداکاراؤں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خود کشی سے بالی وڈ ستارے منشیات اسکینڈل کے ایسے پھیرے میں آئے ہیں کہ ہر کوئی چکرا کے رہ گیا۔

سوشانت سنگھ کی خودکشی کے مقدمہ میں تحقیقات کے دوران اداکارہ ریا چکروتی پر الزام لگا کہ وہ سوشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرتی رہیں۔

ریا کے بعد اداکارہ دیپکا پاڈوکون کی ایک واٹس ایپ چیٹ منظر عام پر آئی ہے جس میں مبینہ طور پر وہ اپنے سیکرٹری سے منشیات مانگ رہی ہیں۔

دیپکا پاڈوکون کے بعد اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارا علی خان اور شردھا کپور کو بھی انہی الزامات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ نے پاکستانی فنکاروں پرپابندی عائد کردی

بالی وڈ فنکاروں پر منشیات کے الزامات کی بات نئی نہیں ہے۔ اس سے قبل سنجے دت، رنبیر کپور، فردین خان، منیشا کوئرالہ اور پوجا بھٹ کا نام بھی منشیات کے استعمال اور خرید و فروخت کیس میں سامنے آ چکا ہے۔


متعلقہ خبریں