پنجاب: شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی عائد

فوٹو: فائل


لاہور: حکومت پنجاب نے کورونا کے پھلاؤ کے باعث صوبہ بھر میں شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کیلئے15کروڑ ڈالر مختص کرنے کی سمری تیار

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا اس ضمن میں کہنا یے کہ تقریبات میں 300 افراد کے اکٹھے ہونے  کی اجازت ہو گی، عوامی اجتماعات میں 300 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سیکریٹری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ شادی، بیاہ اور دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہوں پر ہو گی، کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔

کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنا بھی لازم ہو گا، پابندی کا اطلاق 20 نومبر 2020 سے 31 جنوری 2021 تک ہو گا۔

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز چار گنا بڑھ گئے ہیں، ہم نے سارے ملک میں جلسے، جلوس ختم کر دیئے ہیں۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی اجتماع میں 300 سے زیادہ لوگ اکھٹے کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی ہالز کے اندر شادیوں پر پابندی عائد کر رہے ہیں صرف باہر لوگوں کو تقریبات کی اجازت ہو گی جس میں تین سو لوگوں کو بلانے کی اجازت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر: پاکستان میں 130 روز بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

وزیراعظم نے کہا اسکولوں پر ابھی پابندی نہیں لگا رہے، ایک ہفتہ مزید دیکھیں گے اگر وہاں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو سردیوں کی چھٹیوں کو بڑھا دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی ایک بار پھر قوم سے ماسک کے استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہمارے ملک کورونا کیسز کی شرح میں چار گنا اضافہ ہو گیا ہے مساجد میں ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا،خدشہ ہے احتیاط نہ  کی تو اسپتال مریضوں سے بھر جائیں گے۔


متعلقہ خبریں