کورونا: اسلام آباد میں مزید 7 تعلیمی ادارے سیل

کورونا کیسز: راولپنڈی کا سرکاری اسکول سیل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 7 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے کورونا کیسز رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ہمک میں کورونا کے دو کیسز، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ترلائی میں دو اور اسلام آباد ماڈل اسکول فارگرلز ای نائن میں تین کیسز رپورٹ ہوئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائزایف ایٹ تھری میں 2 کیسز، اسلام آباد میں ای الیون میں واقع نجی اسکول میں 4 کیسز اور اسلام آباد میں جی 15 میں واقع نجی اسکول میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں اس سے پہلے 134 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز پر سیل کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھین: گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کر دیئے گئے

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں سے متعلق متعدد تجاویز صوبوں کو بھجوا دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی سیشن، امتحانات اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق تین مختلف تجاویز صوبوں کی بھجوائی ہیں۔

تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے پہلی تجویز میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیا جائے یا پھر 24 نومبر سے پرائمری اسکولز، 2 دسمبر سے مڈل اسکولز جب کہ 15 دسمبر سے ہائیرسیکنڈری اسکولز کو بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو مارچ کے بجائے 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

امتحانات کے حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم نے صوبوں کو تجویز دی ہے کہ میٹرک،انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جون 2021 میں لیےجائیں۔

واضح رہے کہ ان تجاویز سے متعلق حتمی فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبوں کو مقامی طور پر انتظامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے جس میں ٹیلی سکول،ٹیلی ریڈیو سمیت آن لائن ایجوکیشن سسٹم شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں