کورونا: اسلام آباد کے مزید 4 تعلیمی ادارے سیل

ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید 4 تعلیمی اداروں کو عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب تک سیل کیے گئے تعلیمی اداروں کی تعداد 95 ہو گئی ہے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد ضعیم ضیاء نے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز آئی نائن فور اور اسلام آباد ماڈل سکول جی نائن ٹو میں کورونا کے دو، دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ آرمی پبلک اسکول جی الیون ون میں تین اور ڈی ایچ اے فیز 1 میں واقع نجی اسکول میں بھی کورونا کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کی جانب سے جاری مراسلہ میں متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

آج پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 37 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 2 ہزار 304 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور متاثرین کی کل تعداد 3 لاکھ 52 ہزار296 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 21ہزار 563 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور23 ہزار641 زیرعلاج ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔


متعلقہ خبریں