اپوزیشن تحریک: وزیراعظم نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

اپوزیشن تحریک: وزیراعظم نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا ہنگامی اجلاس طب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کا اجلاس کچھ ہی دیر میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، پرویز خٹک، فواد چوہدری، بابر اعوان، شبلی فراز سمیت دیگر وزرا شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے اور مہنگائی میں کمی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیے کی جوابی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیب کیسز، حکومت کی تیاریوں، سینیٹ الیکشن اور قانون سازی پر بھی مشاورت ہوگی۔ نئے امریکی صدر کی جیت اور پاکستان کے موقف کےحوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان  نے کہا تھا کہ عملک میں سرکس لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کیسز معاف کرانے کے لیے مجھے بلیک میل کر رہی ہے۔  جتنے مرضی جلسے کر لیں جب تک قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

مزید پڑھیں: سارے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، لیکن ان کو این آر او نہیں ملنا، وزیراعظم

حافظ آباد یونیورسٹی کے سنگ بنیاد  اور جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کی تعمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ  جنہوں نے 30 سال میں ملک کو لوٹا اب انہوں نے سرکس لگائی ہے۔ ہم نے ان کے خلاف نئے کیسز نہیں بنائے، یہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ ان کے دور میں نیب غلام تھا، ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ  یہ کہتے ہیں کہ ان سے چوری کا نہ پوچھا جائے۔ نوازشریف نے عجیب شکل بنائی،  کہا گیا کہ مرنے والا ہے۔ نوازشریف کی شکل دیکھ کر کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ لندن جاتے ہی نوازشریف کی ساری بیماریاں ختم ہوگئیں۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ جب میں نہیں مانا تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کیے۔ ہماری حفاظت کرتے ہوئے کئی فوجی شہید ہوگئے۔ نوازشریف اپنی فوج کے خلاف ہندوستان کی زبان بول رہا ہے۔ نوازشریف تمہاری طرح میر جعفر اور میر ایازصادق کا مقابلہ کروں گا۔ نوازشریف لندن میں بیٹھ کرفوج کے خلاف سازش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈیزل نے کہا کہ عمران کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ میری وجہ سے نہیں آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالتﷺ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟۔ میں نے یہ سب ووٹ کے لیے نہیں کیا، یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے۔


متعلقہ خبریں