گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلوائیں گے، بلاول بھٹو



چلاس: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام
ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلوائیں گے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے ہیڈ کوارٹرز چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا تین نسلوں سے رشتہ ہے، یہی وجہ ہے کہ میں پورے گلگت بلتستان کا دورہ کررہا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو روزگار دلوایا، بھٹو دور میں روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے اور قومی ادارے کھڑے کیے۔

پی پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کے لیے مفت پاسپورٹ بنوائے تاکہ بیرون ملک روزگار حاصل کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نےگلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے اور ہر گاؤں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا تحفہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی تقریر میں فوجی قیادت کے نام سن کر دھچکا لگا، بلاول

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری دور میں  روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے گئے اور سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کےدور میں تنخواہوں میں 150 فی صداضافہ کیاگیا، سرحدوں کے محافظوں کی تنخواہوں میں175 فیصد اضافہ کیا گیا، پیپلز پارٹی دور میں پینشن میں100 فیصد اضافہ کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 15 نومبر کے بعد گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بننے والی ہے، پی حکومت آنے کے بعد تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ ہوگا، جنوری کے بعد آپ لوگوں کی حکومت وفاق میں بھی بنےگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ عام سے خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کاساتھ  دو، ہم آپ کو حقوق دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنا حق نہیں مانگ سکتا تو وہ آپ کو کیسے حقوق دلائے گا، صرف امیروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے، کسان سمیت ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ابھی صوبے کا درجہ دیا ہی نہیں اور گلگت بلتستان پر مزید ٹیکس لگانےکی باتیں ہو رہی ہیں، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ آپ سے سبسڈی چھین لے، کبھی بھی یوٹرن نہیں لوں گا، جو وعدہ کیا وہ نبھاؤں گا۔


متعلقہ خبریں