قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع



اسلام آباد: قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔

ہم نیوز کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے یا بند کرنے کے امور پر غور کیا جائے گا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ منعقدہ اجلاس میں کاروباری مراکز کے اوقات کار پر بھی غور و خوص کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کی سفارشات کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں شادی ہالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا بتدریج آغاز ہوچکا ہے۔ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔ احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہو کر ہم کورونا کی دوسری لہرسے نمٹ سکتے ہیں۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔


متعلقہ خبریں