منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ پر 21 نومبر کو فرد جرم عائد ہو گی


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ پر 21 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 21 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے بحث کا حکم دے دیا۔ انسداد منشیات عدالت کے جج شاکر حسن نے منشیات کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے اور معیشت کی تباہ حالی بھی سب کے سامنے ہے۔ بجلی، چینی اور آٹے کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا۔ حکومت بروقت فیصلے نہیں کرتی اور نتیجہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کا اسمبلی میں دیا گیا بیان چیلنج نہیں ہوسکتا۔ ایاز صادق نے اگر غلط بات کی تھی تو کیا اسپیکر سوئے ہوئے تھے ؟ اسپیکر نے ایاز صادق کا بیان حذف کیوں نہیں کیا ؟

ن لیگی رہنما نے کہا کہ دیگر حکومتی وزرا اور اراکین بھی ایاز صادق کے بیان پر خاموش رہے لیکن محض انتقام کے باعث ایاز صادق کے بیان پر ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جھوٹے مقدمات میں اپوزیشن اراکین کو پھنسایا ہے جبکہ ملک میں کوئی گورننس نہیں ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہی ہورہا ہے۔ وزیر اعظم اپوزیشن کو گالیاں دینے والوں کی تعریف کرتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بے بنیاد کیسز کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور ملک کو انارکی کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ مریم نواز شہبازشریف کی بیٹی ہیں ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے جبکہ حکومتی ترجمانوں کا کام اپوزیشن کے خلاف بیانیہ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی عوامی فلاح کا کام نہیں ہو رہا۔ وزیر اعظم نے آئی جی جیل کو کہا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سہولت نہ دی جائے۔ انتقام کی آگ گلی محلوں تک پھیل گئی توحالات قابو میں نہیں ہوں گے۔

انسداد منشیات فورس نے(اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو یکم جولائی 2019 کو منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ راناثنا کا موقف ہے کہ  ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جبکہ منشیات برآمدگی کے ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کرائے کے سیلیکٹڈ ترجمان آئین کے بیانیے کو غداری کہہ رہے ہیں، ن لیگی ترجمان

اے این ایف حکام کے مطابق رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اور کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ انسداد منشیات فورس کے ذرائع کے مطابق منشیات کے اسمگلر نے تفتیش میں ن لیگی رہنما کا نام لیا تھا۔


متعلقہ خبریں