چیف جسٹس کی اپنے داماد سے سفارش کرانے والے ڈی آئی جی کی سرزنش

چیف جسٹس کی سربراہی میں آج اہم کیسز کی سماعت ہوگی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بچوں کے حوالگی کیس میں سفارش کرانے پر ڈی آئی جی پولیس کی سرزنش کر دی۔

جسٹس ثاقب نثار نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل( ڈی آئی جی ) پولیس غلام محمود ڈوگر پراظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے کہا تھا میرے اہل خانہ سے سفارش کرائیں۔

چیف جسٹس کے طلب کرنے پر ان کے داماد خالد رحمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اپنے داماد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’ آپ میرے بیٹے گھر پرہوں گے یہاں آپ چیف جسٹس پاکستان کے سامنے موجود ہیں‘۔

جسٹس ثاقب نثار نے اپنے داماد سے استفسار کیا کہ بتائیں آپ کو کس نے سفارش کرنے کا کہا؟

ان کے داماد خالد رحمان نے عدالت کو بتایا کہ غلام محمود ڈوگر نے سفارش کرائی اور اپنے بیٹوں اور سابق اہلیہ کا نام ای سی ایل میں رکھنے کی درخواست کی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’میں جہاد کر رہا ہوں اور آپ لوگ مجھ سے سفارش کرا رہے ہیں‘۔

غلام محمود ڈوگر نے چیف جسٹس سے غیر مشروط معافی کی استدعا کی تو جسٹس ثاقب نثار نے کہا ’آپ کی معافی نہیں چاہیے، سفارش کا مشورہ دینے والے کا نام بتائیں‘۔

واضح رہے کہ ایک کینیڈین خاتون نے بچوں کی حوالگی کے لیے اپنے سابق شوہرغلام محمود ڈوگر کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ غلام محمود ڈوگر معمولی تنازعہ پر علیحدگی اختیار کرکے بچوں کو دھوکے سے پاکستان لے آئے ہیں۔

غلام محمود ڈوگر کی سابق اہلیہ نے اپنا اور بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پرعدالت سے رجوع کیا تھا۔


متعلقہ خبریں