کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی



کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت  کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹے کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کل کوئٹہ میں جلسہ کرنے جارہی ہے۔ سیکیورٹی خدشے کے پیش نظر حکومت بلوچستان سے سخت حفاظتی اقدامات اٹھائے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کے خدشات موجود ہیں، لہذا پی ڈی ایم نیکٹا کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ کو سنجید ہ لے کر کوئٹہ جلسہ ملتوی کردے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ جلسہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے۔ پی ڈی ایم رہنماوَں کے لیے سیکیورٹی کا انتظام کرلیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ نیکٹا تھریٹ الرٹ کو بلوچستان حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا،
نیکٹا الرٹ کے باوجود ہم جلسے کے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا تھا کہ دہشت گردی کا خطرہ ٹل جائے تو پی ڈی ایم پھر جلسے کا منصوبہ بنائے۔ پی ڈی ایم ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے جلسے کو ملتوی کرے۔پی ڈی ایم جلسےپربلوچستان حکومت کواعتراض نہیں۔ جلسےکے حوالے سے ہمارے 28 نکات ہیں۔ پی ڈی ایم قیادت کی ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، بارودی مواد برآمد

لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ 4 سال پہلے کوئٹہ میں شام سے پہلے لوگ گھروں کو جاتے تھے۔ اب جب امن بحال ہوا ہے تو پی ڈی ایم کوکوئٹہ کی یاد آگئی۔ ماضی میں وزرائے اعلیٰ پر حملے ہوتے رہے ہیں۔ امن وامان کےلیے تمام  وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ پی ڈی ایم کے رہنماوَں نے جلسے کے شرکا کو ایس اوپیز پرعمل درآمد کرنے کا نہیں کہا ہے۔ دیگرصوبوں سے آنے والے شرکا ہمیں کورونا تحفے میں دے کر چلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور کے لیے تھریٹ الرٹ جاری کردیا تھا

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کالعدم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کوئٹہ اور پشاورمیں دہشتگرد حملوں کی تیاری کررہی ہے۔ دہشتگرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

نیکٹا کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق اہم سیاسی شخصیت کو خودکش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

نیکٹا کے الرٹ  کے مطابق قمردین کاریز سے برآمد مواد کوئٹہ  اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں استعمال ہونا تھا۔


متعلقہ خبریں