بھارت کی دہشت گردوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے ثبوت موجود ہیں، معید یوسف

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف امریکہ کے دورے پر روانہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد کی فراہمی کے ثبوت موجود ہیں۔

بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کشمیر،علاقائی سلامتی اور دیگر اہم موضوعات پر پاکستانی موقف کی وضاحت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشتگردوں کو مالی امداد فراہم کی، اے پی ایس حملے کا ماسٹر مائنڈ بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں تھا، دہشتگروں کو بھارت سے فون کالز کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ را نے ایک پڑوسی ملک میں موجود سفارتخانے کے ذریعے چینی قونصل خانے، پی سی گوادر اور اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرایا، چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث اسلم اچھو کا نئی دہلی میں علاج کرایا گیا۔

معید یوسف نے کہا کہ را افسران کی نگرانی میں افغانستان میں ٹی ٹی پی اور دہشت گرد تنظیموں کو ضم کیا گیا ، سمجھوتہ جیسی دہشتگردی میں ملوث ہندو پرست دہشتگردوں کو بھارتی عدالتوں نے رہا کر دیا۔

انتظامی مقاصد کیلئے گلگت بلتستان کو صوبہ بنا سکتے ہیں،معید یوسف

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی فوری رہا کیا جائے اور وادی میں غیر انسانی فوجی محاصرے کو ختم کیا جائے۔

معید یوسف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی کا قاتون ختم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن بھارت کی ہندوتوا حکومت کی ظالمانہ پالیسیاں حائل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت توسیع پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں تنہا رہ گئی ہے، بھارت کی کشمیریوں پر بربریت اور فوجی محاصرے کو ختم کیے بغیر مذاکرات ممکن نہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ دنیا کومعلوم ہے کہ کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کے سائے تلے زندگی گزرانے کو تیار نہیں،وہ بھارت سے نفرت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں