حکومت کے خاتمے کو اب کوئی نہیں روک سکتا، خواجہ آصف


سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان بے نقاب ہو گئے ہیں، حکومت کے خاتمے کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد نے جو اعلان جنگ کیا ہے ہم اس کا جمعے کو آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری قومی اسمبلی کی سیٹ نواز شریف اور عوام کی امانت ہے، نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں جب تک آئین کی پاسداری نہیں ہوگی تحریک جاری رہے گی۔

گزشتہ روز ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تھا کہ استعفوں کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے۔کب کیسے دینے ہیں یہ طے ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون میں ضمنی انتخابات کرانے کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ 84 ممبرز ہیں اور اگر پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی ملائیں تو130 ممبر بن جاتے ہیں۔ جب 130 استعفے آئیں گے تو حکومت کیلئے نئے الیکشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا۔

استعفوں کا حتمی فیصلہ ہوچکا، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بھی ہو چکا ہے جب 1971 میں عوامی لیگ نے ضمنی انتخاب کرایا تھا۔

کیا پیپلزپارٹی استعفوں کے معاملے میں ساتھ دے گی؟ اس سوال کے جواب خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی بھی اے پی سی کے فیصلوں میں شریک تھی اور وہ ان پر قائم رہے گی۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ استعفوں کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے لیکن یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ دینے کب ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی تحریک اتنا زور پکڑے گی جو ہر چیز کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ قیادت نے فیصلہ کیا تو ننانوے فیصد ارکان استعفیٰ دیں گے۔ لیکن ہوسکتا ہے کچھ غیرنظریاتی لوگ مستعفی نہ ہوں۔


متعلقہ خبریں