پشاور: کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹیں، میگا مالز اور اسکولز سیل

سرگودھا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، 3 علاقے سیل

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد میگا مالز، مارکیٹیں، اسکولز اور شادی ہالز سیل کردیے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی بار بار خلاف ورزی پر 14 میگا مالز، 13 اسکولز، چار شادی ہالز اور مختلف مارکیٹیں سیل کردیے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا ہے کہ دکاندار اور عوام بازاروں میں سیفٹی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور  مارکیٹوں اور  مالز میں رش نہ لگائیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق جب کہ 339 متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: کورونا کیسز میں اضافہ، مزیر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 39 ہزار910 ہوگئی ہے جب کہ عالمی وبا سے 2 ہزار 543 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا سے متاثرہ زیر علاج مریضوں میں سے 187 کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 23 مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 194 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8ہزار 335 رہ گئی ہے اور 3 لاکھ دو ہزار708 صحتیاب ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک میں کورونا کے 661 نئے کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افرادکی مجموعی تعداد 6ہزار552 ہوگئی ہے اور اب تک3 لاکھ17ہزار 595 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 17 ہزار122ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ3302، سندھ میں ایک لاکھ 39 ہزار 557، خیبرپختونخوا میں38 ہزار219، بلوچستان میں 15 ہزار480، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 893 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں