چہلم امام حسینؓ: سندھ، بلوچستان میں موبائل فون سروس بند

چہلم امام حسینؓ پر سندھ، بلوچستان میں موبائل فون سروس بند

فائل فوٹو


نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اورشہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔

چہلم کے موقع پربلوچستان میں 6 اضلاع کے 15 پولیس تھانوں کی حدود میں موٹر سائیکل پر پابندی عائد کی گئی ہے جب کہ کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح 9سےرات 8بجے تک بند رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق کوئٹہ کےعلاقے قائد آباد، گوالمنڈی، بروری،  قلات، سبی، نصیرآباد، جعفرآباد اور جھل مگسی میں موٹرسائیکل چلانے پر پابندی ہوگی۔

کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جس کی گزرگاہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

چہلم کی مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوگی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔

بعدازاں چہلم کا مرکزی جلوس علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح امام بارگاہ شاہ خراساں سے برآمد ہوگا جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹ کریں گے۔

جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا پرنمازظہرین ادا کریں گے نمازکی امامت علامہ شہنشاہ حسین نقوی کریں گے بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوابارگاہ حسینیان ایرانیان پرختم ہوگا۔

سندھ بھر میں صبح 10 بجے سے موبائل سروس معطل رہے گی جو رات 10 بجے بحال ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے یہ اقدام چہلم امام حسین کے حوالے سے لیا ہے اور جلوس سے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند بھی کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بند راستوں کی وجہ سے عوام جلوس کے دوران متبادل راستے اختیار کریں۔

عوام کی سہولت کے لیئے متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس رہنمائی کے لیے موجود ہوگی۔ کراچی میں ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔


متعلقہ خبریں