ڈین جونز کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں


سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔ ان کی تدفین کی تقریب میں خاندان اور قریبی افراد نے شرکت کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈین جونز کی آخری رسومات میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں ادا کی گئیں جس میں کورونا کے باعث صرف دس افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی۔

آخری رسومات میں ڈین جونز کے اہلخانہ اور صرف قریبی دوست مدعو تھے۔ تدفین سے قبل ڈین جونز کے تابوت کو گاڑی میں رکھ کر میلبورن کرکٹ گرائونڈ کا الوداعی چکر لگوایا گیا۔

ڈین جونز نے اپنے 52 ٹیسٹ میچز میں 6 اسی گرائونڈ پر کھیلے تھے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز انتقال کر گئے

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 ستمبر کو سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کمنٹریٹر ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈین جونز کو دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر ممبئی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے کوچ بھی رہے۔ ان کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے۔ ڈین جونز اچھے کمنٹیٹر بھی تھے۔

دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈین جونز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں آسٹریلوی کرکٹر ڈیرن لیہمن کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کی موت پر بہت افسوس ہے، ہماری تمام تر نیک تمنائیں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

 


متعلقہ خبریں