شمالی و جنوبی کوریا کے نشیب و فراز سے بھرپور تعلقات پر ایک نظر


سیؤل: دہائیوں کی نفرت اور دشمنی کے بعد شمالی اور جنوبی کوریا کے تعلقات کم جونگ ان کے دورے سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

اس دشمنی ، کشیدگی اور تناؤ کی ابتدا دوسری جنگ عظیم سے ہوئی تھی۔

دوسری جنگ عظیم نے صرف لاکھوں انسانوں کی قربانی ہی نہیں لی بلکہ دنیا کا جغرافیہ بھی بدل ڈالا۔

1945 میں جب جاپانی افواج نے جزیرہ نما کوریا میں امریکی اتحادیوں کے سامنے ہتھیارڈالے تو 1269 سال سے متحد یہ ملک بھی دولخت ہوگیا۔

جزیرہ نما کوریا کا شمالی حصہ روسی اورجنوبی حصہ امریکی تسلط میں چلا گیا۔

ابتدا میں دونوں سپر پاورز کوریا کی آزادی کی مالا جپتی رہیں لیکن ان کی باہمی چپقلش کے نتیجے میں آخرکار1948 میں دو الگ الگ ملک وجود میں آگئے۔

روس کے زیرسایہ علاقہ شمالی کوریا اورامریکہ کا حمایت یافتہ حصہ جنوبی کوریا کے نام سے دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔

شمالی کوریا کا دارالحکومت پیانگ یانگ اور جنوبی کوریا کا سیول کو قرار دیا گیا۔

دونوں حکومتیں روزاول سے خود کو قانونی اور دوسری کوغیرقانونی قرار دیتی رہیں۔

یہ اختلاف پہلے دونوں ملکوں میں کشیدگی اورتناؤ کا باعث بنا اور بالآخر 1950 میں جنگ کی صورت اختیار کر گیا۔

شمالی کوریا نے اس جنگ کے لیے جزیرہ نما کوریا کو متحد کرنے اور اس میں کیمونزم  رائج کرنے کو جواز بنایا۔

جون 1950 میں شمالی کوریا روسی ٹینکوں کے ساتھ جنوبی کوریا پر چڑھ دوڑا ، تین سالہ جنگ میں 12 لاکھ افراد مارے گئے لیکن جنگ کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

دونوں ملکوں میں جنگ بندی تو ہوگئی لیکن کشیدگی برقرار رہی جس کا آنے والی کئی دہائیوں تک خاتمہ نہ ہو سکا۔

1953 میں دونوں ملکوں کے درمیان  لڑائی تو رک گئی لیکن کشیدگی کم نہیں ہوسکی۔

2002 میں ایک سمندری تنازعے کی وجہ سے دونوں ممالک کے بحری جہازوں میں جھڑپیں ہوئیں۔

2003 میں پیانگ یانگ کوریائی خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک رکھنے کے معاہدے سے دستبردار ہو گیا۔

شمالی اور جنوبی کوریا کے تعلقات نے اس وقت نئی کروٹ لی جب 2014 میں شمالی کوریا کے وفد نے سیؤل کا دورہ کیا۔

2018 میں شمالی کوریا نے جنوبی کوریا میں ہونے والے ونٹر اولمپکس میں اپنی ٹیم بھیجی۔

یہیں سے دونوں ممالک میں برف پگھلنا شروع ہوئی اور مذاکرات کا راستہ ہموار ہوا۔

اسی لیے شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کے دورہ جنوبی کوریا کو امن کے ایک نئے دور سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں