وزیراعظم عمران خان 68 برس کے ہوگئے

فائل فوٹو


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی آج سالگرہ ہے اور وہ 68 برس کے ہوگئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان5اکتوبر1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ عمران خان کو تحریک انصاف کے رہنماﺅں، وزرا اور دیگر افراد نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ عمران خان نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کا رخ کیا۔

عمران خان نے اٹھارہ سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 1971 سیریز سے کیا اور ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 1992 کے ورلڈکپ جیتا۔

کینسر کے مریضوں کے لیے لاہور میں شوکت خانم میموریل اسپتال بنانا بھی ان کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے 25 اپریل 1996 کو باقاعدہ اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف قائم کی اور2002 میں میاںوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

تحریک انصاف نے 2013 کے الیکشن میں خیبرپختونخوا میں اکثریت حاصل کی جبکہ 2018  کے انتخابات میں‌ عمران خان کی قیادت میں‌ پی ٹی آئی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ 17 اگست کو عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔


متعلقہ خبریں