گزشتہ حکومت ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت  ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی، اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھنے کے لیے اسٹیٹ بینک کے 23 ارب ڈالر خرچ کیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف ڈھٹائی سے جھوٹ بولتی ہے اور ایسا بیانیہ دیا جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ انہوں نے عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن نے عوام کی جیبیں کاٹی ہیں اور ن لیگ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے لیے بارودی سرنگیں چھوڑیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار کو اپنا خاندانی حق سمجھتی ہے۔ لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو اپنے جہاز میں چھپا کر بیرون ملک فرار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن خود کو کاروباری اور ملک کی خیر خواہ کہتی ہے لیکن اُن کے دور میں برآمد میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا۔ انہوں نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھنے کے لیے 23 ارب ڈالر خرچ کیے جس کی وجہ سے ہماری حکومت کو نقصان ہوا۔

شبلی فراز نے کہا کہ نئی صنعتیں نہ لگنے سے درآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ ہم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 ارب ڈالر کا اضافہ کیا لیکن ہم 20 ارب کے خسارے کو مثبت رقم پر لے آئے ہیں اور اب ہمارا خسارہ 8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، وزیر داخلہ

انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کی وجہ پچھلی حکومت کے مہنگے منصوبے ہیں کیونکہ ن لیگ نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے اور
پیٹرول کی قیمت ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتی اس پر عالمی قیمتوں کو دیکھ کر فیصلہ کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیسے جمع کرنا بھی ایک بیماری ہے اور ارب پتی لوگوں کو پیسے کی لالچ زیادہ ہوتی ہے۔ مسلم لیگ ن آج عوام کی ٹھیکیدار بنی ہوئی ہے لیکن یہ ہر معاہدے میں اپنا کمیشن رکھتے تھے اور ہم اب ن لیگ کے کمیشن کے پیسے ادا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں