ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو بیٹوں سمیت سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سٹی کورٹ نے ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 20، 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو کار سرکار میں مداخلت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ علاقہ پولیس نے ایس ایچ او کی مدعیت میں نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں قتل کی دھمکیاں اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا تھا۔

اس ضمن میں علاقہ پولیس کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیٹوں کا ایک شہری کے ساتھ جھگڑے کی اطلاع پر دونوں فریقین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: لیگی رہنما نہال ہاشمی اور بیٹے گرفتار، مقدمہ درج

علاقہ پولیس نے اس ضمن میں الزام عائد کیا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیٹوں سمیت دوسرے فریق کو بھی جھگڑے کی وجہ سے گرفتار کیا تھا لیکن نہال ہاشمی نے تھانے پہنچ کر بدتمیزی کی تو انہیں بھی حراست میں لے لیا تھا۔


متعلقہ خبریں