وفاقی کابینہ نے فیڈرل ایم ٹی آئی آرڈیننس 2020 ڈرافٹ کی منظوری دیدی


اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے سے متعلق فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز آرڈیننس (ایم ٹی آئی آرڈیننس) 2020 ڈرافٹ کی منظوری دے دی  ہے۔

وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایم ٹی آئی کے تحت وفاقی میڈیکل ٹیچنگ اداروں اوراسپتالوں کو خود مختاری حاصل ہوسکے گی۔ قانون سازی سے ہیلتھ کیئر سہولیات اور ٹیچنگ کے حوالے سے بہتری آسکے گی۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے 4 ماہ قبل فیڈرل ایم ٹی آئی ایکٹ 2020 کی منظوری دی گئی تھی۔ ایم ٹی آئی کے تحت تمام اسپتالوں میں چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھنے کیلئے پالیسی سازی کی جائے گی۔

ڈرافٹ کے مطابق قانون کے تحت اسپتالوں میں ملازمین کی بھرتی اور سروس رولز کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔ ایم ٹی آئی کے تحت اسپتالوں میں انتظامی امور کیلئے گورننگ بورڈ کی تشکیل کی جائے گی۔ بورڈ ممبران کی تعداد حکومت کی جانب سے طے کی جائے گی جو 3 سے کم یا 7 سے زائد نہ ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا تھا کہ اہسپتالوں کی انتظامی حالت بہتر بنانے کے لیے “پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز آرڈیننس” پہلے مرحلے میں 6 میڈیکل یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا تھا کہ ان اصلاحات سےاسپتالوں کا نظام بہتر ہو گا، فیصلہ سازی کا عمل تیز ہوگا، پروفیشنلز کو بہتر ٹریننگ اور عوام کو بہتر علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔


متعلقہ خبریں