شہباز شریف عدالت کو مطمئن نہ کرسکے اور گرفتار ہوئے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف عدالت کو مطمئن  نہ کرسکے اور گرفتار ہوئے۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز آج دعویٰ  کررہی تھیں کہ ہم خاندانی رئیس ہیں۔ جب یہ لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں تو ٹھیک اور باہر ہوں تو ساری چیزیں غلط ۔ یہ لوگ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود باہر ہیں ان کی اولاد اور اثاثے بھی باہر ہیں۔ عمران خان نے 40 سال کے خون پسینے کی کمائی کے ایک ایک پیسے کا حساب عدالت کودیا۔ نوازشریف بھی اپنےغیرقانونی اثاثوں کے بارے میں عدالت میں ثبوت پیش نہیں کرسکے تھے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس لیے یہ لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان جائیں کیونکہ وہ بکتے نہیں۔ جائیداد قانونی طریقے سے بنائی ہو تو اچھی بات ہے۔ غیرقانونی طریقے سے جائیداد بنائیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ اثاثوں کے ذرائع بتادیئے جائیں تو کیسزختم ہوجاتے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی کاروبار نہیں کیا۔ سپریم کورٹ نےعمران خان کو صادق اور امین قرار دیا۔ عمران خان اور شہبازشریف کا کوئی مقابلہ نہیں۔ عمران خان نے 40 سال کی منی ٹریل دی۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثوں کی تفصیلات جاری

شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو جواب چاہیے، آپ نے اثاثے کیسے بنائے؟  کیا نواز شریف تقریر سے بیمار لگ رہے تھے؟۔ نوازشریف نے 2 گھنٹے تقریر کی، بلڈ پریشر کم ہوا اور نہ بخار ہوا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ لوگ چوری چھپانے کے لیے سیاسی بیانیے کا سہارا لے رہے ہیں۔ واضح ہوگیا کہ شہبازشریف کی ٹیم قانونی جنگ ہارگئی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی نیوز کانفرنس فرمائشی پروگرام تھا۔ مریم نواز نے خود کہا کہ شہبازشریف مفاہمتی سیاست کرتے ہیں۔ مریم نواز نے ن لیگ سے شہبازشریف کی سیاست کا خاتمہ کردیا۔ بھتیجی نے چچا کے خلاف چارج شیٹ پیش کردی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ لاہورکی ریجنل پارٹی کا گلگت بلتستان الیکشن سے کیا لینا دینا۔ جب حق میں فیصلےآتے ہیں تو یہ لوگ سراہتے ہیں،خلاف آئے توکہتے ہیں قبول نہیں۔نیب نے جون میں شہبازشریف کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیا ن لیگ آزاد عدالتوں سے اپنے من پسند فیصلے چاہتی ہے؟ شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس میں 16 افراد ملوث ہیں،۔ شہبازشریف نے ایک بیوی کے اکاوَنٹ سے پیسے لے کر دوسری بیوی کو بنگلہ خرید کردیا۔ ملازمین کےنام پر بےنامی کمپنیاں بنائی گئیں۔

مشیر داخلہ شہزاداکبر نے کہا کہ شہبازشریف آرگنائزڈ منی لانڈرنگ کررہے ہیں۔ 4 افراد نے شہبازشریف کی منی لانڈرنگ میں معاونت کا گناہ قبول کیا۔ شہبازشریف اور ان کی اولاد کے اکاوَنٹس میں پڑا ہوا پیسہ قوم سے لوٹا گیا۔


متعلقہ خبریں