اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر ایک تعلیمی ادارے کو سیل کر دیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ٹارگٹڈ ٹیسٹنگ کے دوران ادارے میں16کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ادارے کو سیل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارہ تاحکم ثانی سیل رہے گا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں بند تعلیمی اداروں کو6 ماہ بعد ایس او پیز کے تحت کھولا گیا ہے۔ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیموں کو سونپی گئی ہے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکول بلایا گیا ہے جبکہ 23 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری سکول کے بچوں کو 30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔