کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق حلقہ بندیوں کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات حلقہ بندیوں کے بعد ہی ہوں گے اور مردم شماری کے بعد ہی حلقہ بندیاں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی منظوری سی سی آئی دے گی جبکہ قانون میں ہے کہ مردم شماری کے بعد ہی نئی حلقہ بندیاں کی جائیں اور حلقہ بندیوں کے بعد قانون کے مطابق 120 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مردم شماری کے سرکاری نتائج آنے تک الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا، سندھ حکومت
سید مراد علی شاہ نے لاہور موٹروے زیادتی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں موٹروے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، موٹروے واقعے میں غیرانسانی اور بے حسی کا ثبوت دیا گیا جو افسوسناک ہے۔
گزشتہ ہفتے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ہونے والے اجلاس میں سندھ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار شائع ہونے تک الیکشن کمیشن صوبے میں بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا۔
ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت 30 اگست کو ختم ہوچکی ہے۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔