لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بدستور غائب

لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بدستور غائب

فوٹو: فائل


لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بدستور غائب ہے جبکہ 15 کلو کلو آٹے کا تھیلا 880 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سرکاری قیمت پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دکاندار فرید خان نے کہا کہ آٹے کے لیے وہ کبھی ایک تو کبھی دوسری فلور ملز کو فون کرتے ہیں۔ پہلے روزانہ تین سے ساڑھے تین سو تھیلے آ رہے تھے،اب صرف دس سے بیس آتے ہیں۔

فرید خان نے مزید کہا کہ ہم کیا کریں، کوئی آٹا بھیجے گا تو ہی ہم گاہک کو دے سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمت100روپے فی کلو ہوگئی

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رشید احمد اور کریم خان نے کہا کہ آٹے کی تلاش میں دکانوں پر خوار ہورہے لیکن آٹا مل ہی نہیں رہا ہے۔ سستا نہ صحیح آٹا تو دستیاب ہونا چاہئے۔ ہم یہاں آٹا لینے آئے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا  ہے۔

دوسری جانب گندم کی بڑھتی قیمتوں کو جواز بنا کر چکی اونرز ایسوسی ایشن نے بھی گزشتہ روز فی کلو آٹے کی قیمت دو روپے بڑھا دی ہے۔

شہر میں آٹے کی قلت نے عوام کو مشکل کا شکار کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کردار ادا کریں تو مشکلات کم ہو سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ 22 اگست کو لاہور میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

لاہور میں چکی اونر ایسوسی ایشن نے چکی آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی کلو آٹا 72 سے 76 روپے کر دیا تھا۔ چکی اونرز ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ اگر گندم کی قیمت کم نہ ہوئی تو آٹا 80 روپے فی کلو کر دیا جائے گا۔

سیکریٹری جنرل چکی اونرز ایسوسی ایشن عبدالرحمان نے کہا تھا کہ گندم کی فی من قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2 ہزار 300 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل غلہ منڈی میں گندم کی فی من قیمت ایک ہزار 800 روپے میں دستیاب تھی۔


متعلقہ خبریں