لاہور: پنجاب میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اجتماعی زیادتی کے 77 واقعات رونما ہوئے جس کے 60 فیصد ملزمان کو پولیس گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گوجرانوالہ ریجن اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 30 کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا اور فیصل آباد ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 12 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ملتان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 9 مقدمات درج ہوئے جبکہ لاہور میں اجتماعی زیادتی کے 7 واقعات رونما ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 6، شیخو پورہ اور راولپنڈی میں 5، 5 واقعات رپورٹ ہوئے۔
بہاولپور اور ساہیوال ریجن میں ایک ایک اور سرگودھا میں اجتماعتی زیادتی کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اجتماعی زیادتی کے 60 فیصد واقعات میں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
مزید پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس: تین روز بعد بھی ملزمان قانون کی گرفت سے باہر
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجتماعی زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ایسے کیسز میں ملزمان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروانا پڑتے ہیں۔