وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کردیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آن لائن  بینکاری کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کا افتتاح کردیا۔

حکومت کے اس اہم اقدام سے بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو آن لائن  بینکاری کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ 

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ سمندر پار پاکستانی ہیں اوورسیز پاکستانیوں نے جس طرح ہماری مدد کرنی تھی وہ نہیں ہوسکی۔ اوورسیز پاکستانی قومی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاوَنٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑاقدم ہے۔ بڑے منصوبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی شمولیت یقینی بنائی گے۔ ملکی ٹیکس کا آدھے سے زیادہ پیسہ قرضوں کی واپسی میں چلا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا سمندر پار پاکستانیوں کو ای ووٹنگ کا حق دینے کا حتمی فیصلہ

انہوں نے کہا کہ قرضوں کی واپسی کیلئے دولت پیدا کرنی ہوگی۔ حکومت میں آئے تو اربوں ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا تھا۔ہمارے ملک میں دوہری شہریت والے کو ایسا سمجھا جاتا ہے جیسے وہ کوئی غدار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں۔ تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے دیگر صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ڈالر کی کمی سے ملک میں پیسے کی قدر گرنا شروع ہوتی ہے۔ چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع پید کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کے مختلف شعبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کو لایا گیا۔ ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی۔ اوورسیز پاکستانی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ذہین پاکستانی ملک سے باہر بیٹھے ہیں، یہ ہمارا اثاثہ ہیں۔ بتانا چاہتا ہوں اوورسیز پاکستانی زیادہ محب وطن ہیں۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے سمندر پارپاکستانی فنڈ کی منتقلی، بل کی ادائیگی اورسرمایہ کاری کرسکیں گے۔اس سہولت کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈیجیٹل آن لائن اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔

خیال رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنےکیلئے بنیادی دستاویزات کی ضرورت ہوگی۔ تمام دستاویزات مکمل ہونے پر صرف 48 گھنٹے لگیں گے۔ صارف غیرملکی کرنسی یا پاکستانی روپیہ میں اکاؤنٹ یا دونوں کا انتخاب کرسکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانا بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ایک بڑا اقدام ہے۔

ان اکاﺅنٹس میں فنڈزمکمل طور پر واپس منتقل ہو سکیں گے اور اس کے لئے کسی ریگولیٹری منظوری کی ضرورت نہیں ہو گی۔  روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کروڑوں نان ریذیڈنٹ پاکستانیوں کو فنڈ ٹرانسفرز، بلوں کی ادائیگی اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں کے حوالے سے جدید بینکنگ سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں