والدین بیمار بچوں کو ہرگز اسکول نہ بھیجیں، وزیر تعلیم پنجاب

نجی اسکولز کو اپنا نصاب پڑھانے سے نہیں روکا، مراد راس

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ والدین بیمار بچوں کو ہرگز اسکول نہ بھیجیں۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو کپڑے کا ماسک دے کر اسکول بھیجیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سرکاری اور نجی اسکولز 15 ستمبر سے پہلے نہیں کھولنے دیں گے، مراد راس

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اسکولوں کا اپنا بجٹ ہوتا ہے اسی میں اگر حفاظتی اشیا کی فراہمی کا انتظام ہو تو اچھا ہوگا۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ والدین، اساتذہ اور دیگر ذمہ داروں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بہن بھائی اگر ایک اسکول میں پڑھتے ہوں تو ان کو ایک ہی روز بلائیں گے۔

چند روز قبل وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 مارچ کو اسکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا، کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس رپورٹ اورخطےکی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: تعلیمی ادارے حفاظتی اقدامات کے تحت کھولنے کی تیاریاں جاری

ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے یونیورسٹیاں اور کالجز کھولےجائیں گے جب کہ 9 ویں اور10 ویں جماعت کے لیے بھی اسکول کھولے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے اسکول 23 ستمبر سے کھلیں گے جب کہ 30 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد پرائمری اسکول کھولےجائیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ والدین کا بہت شکریہ جنہوں نے 6 ماہ کا وقت بہت تحمل سے گزارا۔


متعلقہ خبریں