لاہور: محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے طلباء کو کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آگاہی کتابچہ جاری کر دیا گیا۔
آؤ چلیں اسکول کورونا سے رہ کر محفوظ، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کردہ کتاب میں طلباء کو تمام حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا گیا ہے۔کتابچے میں طلبا کے لیے دلچسپ مشقیں بھی رکھی گئی ہیں۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ اب کم ہو گیا ہے اس لیے اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ایک خطرناک وائرس ہے جس سے بچاؤ کے لیے احتیاط کی عادت اپنائیں اور طلبا کتاب میں دی گئی ہدایات پرعمل کریں۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز کورونا کے باعث بند اسکولوں کو 15 سمتبر سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم اسکولوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ والدین کا بہت شکریہ جنہوں نے 6 ماہ کا وقت بہت تحمل سے گزارا۔ مدارس، ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سمیت تمام تعلیمی اداروں پر ایس اوپیزکا اطلاق ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہو گی۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی 15 ستمبر کے بعد مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے تاہم کسی بھی اسکول میں ڈبل شفٹ نہیں ہو گی۔