انڈونیشیا: تیل کے کنویں میں آگ بھڑک اٹھنے سے 10 افراد جان بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ (میڈیا ) کے مطابق مغربی صوبے آچی میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔
انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کا سبب پائپ کی ویلڈنگ ہوسکتی ہے لیکن حتمی طور پر فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ویلڈنگ کے دوران نکلنے والے شعلوں سے تین قریبی گھر لپیٹ میں آئے اور پھر یہ حادثہ پیش آیا۔
علی الصبح پیش آنے والے حادثے کی جگہ پر فائر بریگیڈ سمیت دیگر امدادی ادارے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات موجود ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق جس تیل کے کنویں میں آگ لگی ہے اس سے غیرقانونی طور پر تیل نکالا جارہا تھا۔