کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کا فیصلہ سندھ حکومت کرے گی لیکن ہمارے پاس اہل افراد کی کمی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے کچھ رکاوٹیں ہیں حلقہ بندیاں مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گی لیکن ابھی تک مردم شماری کے حتمی نتائج کی منظوری نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انیس سو اٹھانوے کی مردم شماری پر بلدیاتی الیکشن نہیں ہو سکتے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پورا سندھ تکلیف میں ہے وفاق کو مدد کے لیے آنا چاہیے۔ حالیہ بارشوں اور نقصانات سے سندھ بھر میں 101 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے تباہی مچادی۔اگست میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔ میرپور خاص میں سب سےزیادہ بارش ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بدین ،عمر کوٹ اور سانگھڑ میں سیلاب جیسے مناظر ہیں۔ جوہی میں 2لاکھ 40ہزار لوگ بارشوں سےمتاثرہوئے ہیں۔ بارش سے ایک ہزار 640 گھر وں کو نقصان پہنچا اور کچے مکانات تباہ ہوئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نو اور 10 محرم کو پوری قوت کے ساتھ کام کیا ۔ سرجانی ٹاؤن کے یوسف گوٹھ سے پانی کی نکاسی مسئلہ بنا رہا۔ نیا ناظم آباد میں بھی پانی جمع ہو گیا تھا وہاں کی انتظامیہ کی مدد کی۔
مزید پڑھیں: کراچی: گجر نالے کی صفائی کا دوسرا مرحلہ شروع، عوام کا احتجاج
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 42 ہزارخیمے متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ سیاسی مخالفت کو ایک طرف رکھ کر عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے اور شہر کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔
کراچی میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلانات بھی کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔