اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی بارش کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب تعمیر کی گئی دیوار گرگئی۔
ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار جنگلی جانوروں کو روکنے کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 27 اگست کو بارش کے سبب اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی تھی اور ٹپکنے لگیں۔ انتظامیہ نے ٹپکتی چھتوں کے نیچے بالٹیاں رکھ دی تھیں۔موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کے لاؤنج میں پانی پانی ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں: ایئرپورٹس سے جڑے مسائل: سوشل میڈیا صارفین کی آواز بنے گا
بارش کا پانی بین الاقوامی آمد، روانگی اور بریفنگ ایریا میں داخل ہوگیا تھا اور بارش کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والی سڑک پر بھی گڑھے پڑ گئے تھے۔ جون 2018، جولائی 2019 اور جولائی 2020 میں بھی بارش کے بعد ایسا ہی ہوا تھا۔
چند ماہ قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی تھیں اوراسکینگ مشین گیلی ہو گئی تھی۔ اسکینگ مشین کو حفاظتی نقطہ نظر سے پلاسٹک کور چڑھا کر ڈھانپ دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 105 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی چھتیں موسلادھار بارشوں میں ٹپکنے لگتی ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے دس جنوری کو ایئرپورٹ پر پروازوں کی تاخیر اور مسافروں کو درپیش مسائل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی تعمیر جس طرح ہوئی ہے اس سے لگتا ہے کہ کسی بھی دن گر جائے گا۔
گزشتہ سال جنوری میں ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب 105 ارب روپے کی خطیر رقم سے تیار ہونے والا قومی منصوبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو آئے روز مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہم نیوز نے گزشتہ سال بتایا تھا کہ الیکٹرانک سیڑھیاں خراب ہونا، واش رومز میں گندگی اور دیگر مسائل ایئرپورٹ پر معمول بن چکے ہیں۔