عاشورہ کے پرامن اختتام پر وزیراعظم عوام کے مشکور

فوٹو: فائل


اسلام آباد: عاشورہ کے پرامن اختتام پر وزیر اعظم عمران خان نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے پرامن اختتام پر قوم کا مشکور ہوں۔

عمران خان نے تحریر کیا کہ عاشورہ  پر فرقہ واریت کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی اطلاع ملی تھی، فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مرکزی جلوس اختتام پذیر

دوسری جانب عاشورہ پر بہترین سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو شاباش دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت ہر شہر میں امن عامہ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج، رینجرز، انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی  قابل تعریف ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کمیٹی اراکین نے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا، آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: مخالفین عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ نہیں دیکھنا چاہتے، فیاض الحسن چوہان

خیال رہے کہ گزشتہ روز حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر شہرماتمی جلوس، تعزیے، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس نکالے گئے۔

اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہترین  رہے اور کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔


متعلقہ خبریں