ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے خوف کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جبر جاری رکھا ہوا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسینیہ کانفرنس سے یکجہتی کا پیغام جاتا ہے اور معاشرے میں تفریق پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے فروغ میں علما کرام اور مشائخ کا اہم کردار ہے۔ ہر زمانہ حسین ؓ کا ہے اور آخری فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ دنیا میں حسین ؓ کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں مسلسل بلیک آوٹ جاری ہے جبکہ آج مقبوضہ کشمیر میں عزاداری پر پابندی ہے اور عید پر نماز کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے اور بھارت نے خوف کی وجہ سے جبر جاری رکھا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: 24 گھنٹے کے دوران 7 کشمیری شہید
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو بہت سے کوہتائیاں تو دکھائی دیتی ہیں لیکن کشمیر میں ہونے والے مظالم دکھائی نہیں دیتے۔