ملک کے متعدد شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کےساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔ زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پرمزید بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی،حیدرآباد اور میرپورخاص میں آج پھر بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہیدبینظیرآباد، سانگھڑ، ٹھٹہ اوربدین میں بھی بارش کا امکان ہے۔ لسبیلہ، قلات، موسیٰ خیل، ژوب اورخضدار میں بھی مزید بارش ہوسکتی ہے۔

راولپنڈی، گوجرانوالہ، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا لاہور، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں بارش کے دوران حادثات، 18 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، مالاکنڈ، چارسدہ اور مردان اورنوشہرہ میں بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش کراچی کے علاقے فیصل بیس میں136 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ناظم آباد 113 ، مسرور بیس 111، لانڈھی 94، کیماڑی 88، جناح ٹرمینل 86، صدر84، نارتھ کراچی84، سرجانی83، سعدی ٹاؤن81، اولڈ ایریا ائیر پورٹ 78 ، یونیورسٹی روڈ 73  اور گلشن حدید میں 47ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

موہنجو داڑو میں107ملی میٹر، جیکب آباد 36، لاڑکانہ 29، شہید بینظیر آباد 28، پیڈعیدن25 ، سکھر20 ، مٹھی 12 ، ٹھٹھہ07 ، دادو05 ، میرپورخاص04  اور  حیدرآباد میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں بارش سے جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔  بارش کے دوران  پیش آنے والے مختلف حادثات18 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ کراچی میں آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

ضلع وسطی کے علاقوں گلبرگ ، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں میڈیکل کیمپس قائم کردیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کراچی فلڈ کنٹرول سینٹر کے ٹیلی فون نمبر جاری کر دیے ہیں۔ متاثرین 02134491082 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متاثرین ہیلپ لائن 02199247267 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں اور آرمی فلڈ کنٹرول سینٹر 02199207795 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں