کراچی میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری


کراچی: طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پاک فوج کا شہر میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے اور انجینئرز ملیر ندی سے نکلنے والے پانی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے بعد ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے قائد آباد اور ملیر سے پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے اور آرمی انجینئرز کی کشتیاں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہی ہیں جبکہ بارشوں سے متاثرہ افراد کو تیار کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں 200 خاندانوں نے چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ موسم بہتر ہونے کے بعد آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالا جائے گا۔

پاکستان کےمعاشی حب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع آمدو رفت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی میں اگست میں ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش نے تباہی مچادی،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

شدید بارشوں سے ملیرندی بھی بپھرگئی ہے اورمیمن گوٹھ روڈ اولڈ تھانہ پر قائم پل پانی کے تیز بہاؤ سے ٹوٹ گیا۔ میمن گوٹھ روڈ ملیر کا لانڈھی انڈسڑیل ایریا سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور ندی کا پانی عرفات ٹاون اور مدینہ کالونی نیشنل ہائی وے پر پہنچ گیا۔

بلوچ کالونی دادابائی ٹاون کے قریب ملیر ندی میں طغیانی آگئی ہے۔ ندی بپھرنے سے سات خاندان پانی میں پھنس گئے تھے جن کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں