پاکستان میں لاپتہ ہونے والے سکھ یاتری کا سراغ مل گیا


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد سرخیوں میں جگہ پانے والے سکھ یاتری کا سراغ مل گیا۔

لاپتہ ہو جانے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ شیخوپورہ میں مقیم اپنے دوست سے ملنے چلا گیا تھا۔

12 اپریل کو پاکستان پہنچنے والا امرجیت سنگھ دو روز سے غائب تھا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ بھی سکھ یاتری کی گمشدگی سے لاعلم رہا۔

امرجیت سنگھ کسی کو بتائے بغیر ہی شیخوپورہ میں اپنے دوست محمد عامر رزاق سے ملاقات کرنے چلا گیا تھا۔ دونوں کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی۔

لاپتہ نوجوان کی گمشدگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے تلاش شروع کردی تھی۔ منظرعام پر آنے کے بعد امرجیت سنگھ کو متروکہ وقت املاک بورڈ نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

23 سالہ امرجیت سنگھ رواں ماہ سکھ یاتروں کے ساتھ بھارت سے لاہور آیا تھا۔ امرجیت کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ ٹریول ایجنٹس سے رابطے میں تھا اور براستہ تفتان بارڈر یورپ جانا چاہتا تھا۔

امرجیت سنگھ پانچ ماہ قبل ہی ملائیشیا سے بھارت پہنچا تھا جہاں سے بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں