لاہور: نظریہ پاکستان کی تاریخ اور تحریک پاکستان کی پرانی یادوں سے بھرا ایوانِ کارکنانِ پاکستان یومِ آزادی کے موقع پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
ایوانِ کارکنانِ پاکستان میں عوام کے لیے یومِ آزادی کی مناسبت سے سبز جھنڈیوں اور قیام پاکستان کیلئے قربانیوں پر مبنی کتابچے بھی اسٹالز پر سجا دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی پر گوگل کا نیا ڈوڈل
ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں لگی تصاویر آزادی کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہیں۔ اس ایوان میں تحریک آزادی سے لے کر پاکستان بننے کے بعد تک قائداعظم محمد علی جناح سمیت تمام بانی رہنماؤں کی یادگار تصاویر موجود ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے اسکولوں کے طلبہ وطالبات دور دراز سے آتے ہیں۔
ساہیوال سے آنے والے بچوں ایمان فاطمہ اور فہد شوکت نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان دیکھنے لاہور آئے ہیں، ہم نے یہاں پر قائداعظم کی تصویریں اور ان کی کرسی دیکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں اور کشمیریوں نے منایا یوم سیاہ : بھارت کا تھا یوم آزادی
ایوان کارکنان میں قائداعظم محمد علی جناح کی انیس سو چالیس میں بنائی گئی وہ کرسی بھی موجود ہے جس پر موجود گیارہ دریائوں کی لہریں اور چاند ستارہ پاکستان بننے کی یاد تازہ کرتا ہے۔
سیکرٹری ایوان کارکنان نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یہاں سرگرمیاں کچھ حد تک محدود تھیں تاہم آج سے اس کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
تاریخی اہمیت کی حامل اس عمرات کی تحریک پاکستان گیلری میں بانی پاکستان محمد علی جناح اور مادر ملت فاطمہ جناح سمیت تحریک پاکستان کے قائدین کی یادگار تصاویر بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کامیابی ہی دنیا کی کامیابی ہے، امریکی سفیر
ایوان کارکنان تحریک پاکستان فقط ایک یادگار نہیں بلکہ نئی نسل کے ذہنوں پر دستک بھی ہے کہ مملکت خداداد کو جن قربانیوں سے حاصل کیا گیا انہیں کہیں فراموش نہیں کرنا۔