اسلام آباد: سندھ کے ضلع دادو میں گزشتہ دو رو سے جاری طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے اور نئے گاج ڈیم متاثر ہونے سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔
پاک فوج کے تعلقات شعبہ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاک فوج کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ ضلع دادوپہنچ گئی ہیں۔ آرمی انجینئرز موٹر بوٹس کے ذریعے ریسکیو کیلئے پہنچے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی میڈیکل ٹیمیں متاثرین کو ریلیف فراہم کررہی ہیں۔ ضلع دادومیں نئے گاج ڈیم متاثرہونےسے کئی دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ دادوکے 12 دیہات بری طرح بارش اور سیلابی ریلے سے متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لیہ اور ملتان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبہ سندھ میں کراچی، حیدر آباد، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین میں بارش متوقع ہے، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں بھی چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ خضدار، آواران ، لسبیلہ، کیچ، پنجگور اورتربت میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی ہے۔