پاکستانی باؤلر حسن علی کی واہگہ بارڈر پر شاندار پرفارمنس


لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ واہگہ بارڈر کے دوران حسن علی نے اپنے روایتی انداز سے شائقین کے دل گرما دیے۔

دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ سے ایک دن پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور پرچم اتارنے کی تقریب دیکھی۔

ہم نیوز کے نمائندے ابراہیم بادیس کے مطابق پرچم اتارنے کی تقریب میں پاکستان رینجرز نے ملی نغموں کی دل موہ لینے والی دھنیں پیش کیں۔

شائقین نے پرجوش انداز میں نعرے لگا کر قومی کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا اس موقع پر پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی جوش میں آگئے۔

حسن علی فوجی جوانوں  کے ساتھ  اس مقام تک جاپہنچے جہاں تک عام آدمی کو رسائی نہیں ہوتی۔

قومی کھلاڑی نے وکٹ لینے کے بعد اپنے جشن منانے کے روایتی انداز کو اپناتے ہوئے دشمن کو للکارا۔

ان کے اس عمل سے شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا اور واہگہ بارڈ کی فضا جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔

بین الاقوامی میڈیا نے بھی حسن علی کے روایتی انداز کو سراہا جبکہ ہندوستانی میڈیا نے پاکستان کے خلاف روایتی بغض برقرار رکھا۔

بھارتی میڈیا نے قومی کھلاڑی کے اس انداز کو ملٹری پریڈ میں “پاکستانی سویلین کی مداخلت” قرار دے دیا۔

اس موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے بہت جذباتی لمحہ ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ حسن علی قوم کا سرمایہ ہیں۔ ان کا عمل ہم سب کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ انہوں نے جو کچھ کیا بالکل ٹھیک کیا۔

دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم اتوار کی شب پاکستان سے برطانیہ روانہ ہوگی۔


متعلقہ خبریں