کوہستان میں رکشہ دریا میں گر گیا، 6 افراد لاپتہ


کوہستان: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں قراقرم ہائے وے (کے کے ایچ)  پر رکشہ بے قابو ہوکر دریا میں گر گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوہستان کے مطابق واقع اپر کوہستان میں پیش آیا ہے اور رکشے میں 5 سے 6 افراد سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ دریا کا بہاؤ بہت تیز ہے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ابھی تک کسی کو ریسکیو نہیں کیا جاسکا ہے، تاہم آپریشن جاری  ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے ریسکیو ٹیم کے  ساتح امدادی کارروائی کا آغاز کردیا لیکن پانی کے تیز بہاؤ اور اندھیرا ہونے کی وجہ سے ریسکیو کام میں مشکل پیش آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: کوہستان وڈیواسکینڈل: 5لڑکیوں کے قتل کے الزام میں 3ملزمان کو عمر قید

ذراِئع کے مطابق ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ غوطہ خوروں کی خدمات  بھی حاصل کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست میں کوہستان کے علاقہ پٹن جانچل کے مقام پر کار گہری کھائی میں گرنے سے ایک بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق کوہستان میں حادثے کا شکار ہونے والی کار لوئر دیر جا رہی تھی اور کار میں سوار تمام افراد کا تعلق بھی لوئر دیر سے تھا جو عید منانے اپنے آبائی گھر جا رہے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق شاہراہ قراقرم پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں جنہیں کوہستان کے مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کرتے ہیں جس کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا جاتا۔


متعلقہ خبریں