کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 روزکی توسیع کردی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق بلوچستان بھر میں 17 اگست تک اسمارٹ لاک ڈاؤن رہے گا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق شاپنگ سینٹرز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن کھلی رہیں گی، جمعہ کے روز میڈیکل اسٹورز کے علاوہ باقی دکانیں بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ڈیڈ لائن سے دو روز قبل لاک ڈاؤن ختم
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق تعلیمی ادارے یکم ستمبر تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں ڈیڈ لائن سے دو روز قبل لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے اور 5 اگست کو یوم استحصال کی ریلی نکالنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
گزشتہ روز حکومت پنجاب نے رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاوَن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سیکریٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرنے جاری نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ مویشی منڈیوں سے لیے گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے پر لاک ڈاون ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ، مارکیٹیں 9 نو روز کیلیے بند
سیکریٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان کے مطابق 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہاریکجہتی ریلی کی اجازت بھی ہوگی۔
پنجاب بھر میں پارک ریسٹورنٹ، ہوٹل اور سینما تاحال بند رہیں گے اور پیر تا جمعہ صبح 9 سے شام 7 بجے تک کاروبار کی اجازت ہو گی۔
اس سے قبل آل پاکستان انجمن تاجران نے کل سے پنجاب میں کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیکریٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر نے کہا تھا کہ ہوٹل، ریسٹورنٹس، اسکولز اور تمام بند کاروبار کھولنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیاجائے۔ چھوٹے تاجروں کیلئےمالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر لاک ڈاؤن نافذ
سیکریٹری انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں تجارتی اور معاشی ایجنڈے پر احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ مجبور نہ کریں کہ ہم حکومت مخالف تحریک کا حصہ بن جائیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ تاجر رہنماوَں کا اجلاس بلا کر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔